اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) دنیا کی 500 بااثر ترین مسلمان شخصیات کی فہرست میں وزیراعظم پاکستان عمران خان بھی شامل ہو گئے ہیں۔
اردن کے رائل اسلامک اسٹریٹجک سینٹر کی جانب سے مسلم دنیا کے 500 بااثر ترین شخصیات کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں ترک وزیراعظم رجب طیب اردوان سہر فہرست ہیں۔
سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز دوسرے جب کہ اردن کے شاہ عبداللہ دوئم تیسرے نمبر پر ہیں۔
پاکستان سے تعلق رکھنے والے نامور مذہبی اسکالر مفتی تقی عثمانی کو چھٹے نمبر پر بااثر ترین مسلم شخصیت قرار دیا گیا ہے جب کہ وزیراعظم عمران خان 29 ویں اور معروف مبلغ دین مولانا طارق جمیل 40 ویں نمبر پر ہیں۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں 13 ویں نمبر پر ہیں جب کہ دبئی کے شیخ محمد بن زید النہیان 15 ویں اور حزب اللہ کے حسن نصراللہ 23 نمبر پر ہیں۔
مصر سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ فٹبالر محمد صالح اس فہرست میں 46 اور عراق کے سیاسی رہنما مقتدا الصدر 47 ویں نمبر پر ہیں۔
بااثر اسلامی شخصیات کی اعزازی فہرست میں دختر پاکستان ملالہ یوسفزئی، حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ، معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر زاکر نائک، مذہبی رہنما شیخ محمد الیاس عطار قادری اور میئر لندن صادق خان بھی شامل ہیں۔
پاکستان کے ڈاکٹر عطاء الرحمان، عمر سیف اور عرفان صدیقی بھی بااثر مسلم شخصیات کی اعزازی فہرست میں شامل ہیں۔