مسلم حکمرانوں کی نااہلی ماضی میں غلامی کرنے والے ہم پر حکمرانی کر رہے ہیں، مفتی نعیم

Karachi

Karachi

کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا کہ دشمن طاقتیں دہشت گردی کے نام پر عالم اسلام کے خاتمے پر لگی ہوئی ہیں، مسلم حکمرانوں کے نااہلی کے باعث ماضی میں ہماری غلامی کرنے والے ہم پر حکمرانی کررہے ہیں، عالم اسلام کو متحد ہو کر اسلام کے خلاف سازشوں کو ناکام بنائے، اسلامی معاشرت وثقافت کے خاتمے،مساجدومدارس پرنت نئی پابندیوںاورعلم دین پرپابندیاں لگانے والوں کوتوہین رسالت سے کوئی سروکارنہیں،وطن عزیز میں دینی طبقہ ، مدارس ،مساجد کے خلاف کاروائیاں قابل تشویش ہیں ، ملک کو سیکولر اسٹیٹ بنانے کیلئے مدارس اور مساجد کے خلاف اقدامات کیے جارہے ہیں،مذہبی طبقے کو مسلکی وفروعی اختلاف کو بالائے طاق رکھ کر متحد ہوکر میدان میں آنا ہوگا۔ پیر کو جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے جامعة الدراسات اسلامیہ گلشن اقبال میں منعقدہ اتحاد امت سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا پوری دنیا میں امت مسلمہ کو فرقہ واریت کی آگ میں دھکیلنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

شام میں ہزاروں لوگوں کو بشارالاسد نے فرقہ واریت کی بنیادپر قتل کیااور مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے،انہوںنے کہاکہ اہل مدارس نے کبھی مسلکی یا فرقہ واریت کا سبق نہیں دیا اور نہ ہی قرآن وسنت کی یہ تعلیمات ہیں بلکہ قرآن مجید نے ہمیں امت واحدہ کے لقب سے خطاب کیا اور اللہ تعالیٰ کا حکم ہے کہ ہم امت واحدہ بن جائیںاسی میںمسلمانوں کی عظیم کامیابی ہے، انہوںنے کہاکہ تاریخ گواہ ہے ہم جب تک متحد تھے یہ یورپ جن کی آج بدقسمتی سے ہمارے مسلم حکمران جی حضوری اور غلامی میں مصروف ہے وہ ہمارے غلام تھے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو سیکولر اسٹیٹ بنانے نہیں دیں گے اسمبلیوں میں قرآن وحدیث سے متصادم بل لائے جارہے ہیں ،گزشتہ روز پنجاب اسمبلی نے عائلی قوانین کے حوالے سے جو بل پیش کیا وہ سراسر قرآن وسنت کے منافی ہے،ہم سمجھتے ہیں کہ یہ تمام ترکوششیں ملک کو سیکولر اسٹیٹ بنانے کیلئے کی جارہی ہیں۔انہوںنے کہاکہ تمام مذہبی طبقے کو مسلکی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہوگااور فروعی اور مسلکی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اتحاد کے ذریعے سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔

انہوںنے کہاکہ ان حکمرانوں سے کیا توقع کی جاسکتی ہے جو بیرونی جی حضوری پر پوری قوم کی خواہشات کا خون کررہے ہیں ، اقتدار کو حصول دولت عیش وعشرت کا ذریعہ بنا دیا ہے، سینیٹ کے ووٹوں کی فروخت اور بولیاں جمہوریت کی حقیقت حکمرانوں کی نااہلی کا منہ بولتاثبوت ہے، جب حکمران ہی پیسے اور رشوت کے زور پر عہدہ حاصل کررہے ہوں تو پھر اس قوم کا خدا حافظ ہے، انہوںنے کہاکہ مدارس کو ملک میں دہشت گردی کے ذمہدار ٹہرا کرپابندیاں صرف مذہبی طبقے پر مسلط کی جارہی ہیں،ایسے میں اگر علماء کرام اور مذہبی طبقہ متحد نہ ہوا تو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔