کراچی (اسپورٹس رپورٹر) مسلم اسپورٹس کلب کے زیر اہتمام محکمہ اسپورٹس سندھ کے تعاون سے سندھ اسپورٹس بورڈ یوم پاکستان اسپورٹس فیسٹیول شوٹنگ بال کا مقابلہ واحد اسپورٹس شوٹنگ بال کورٹ کورنگی میں قائد اعظم الیون بمقابلہ چوہدری رحمت الہی الیون کے مابین کھیلا گیا ۔معروف شوٹنگ بال کھلاڑی یار محمد کی قیادت میں قائد آعظم الیون نے فاروق نادر کی قیادت میں کھیلنے والی چوہدری رحمت الہی الیون کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے بعد بیسٹ آف تھری پر مشتمل میچ میں 2-1سے شکست دیکر فیسٹیول کا ٹائٹل قائد اعظم الیون نے اپنے نام کرلیا ۔کھیل کی خاص بات فاتح قائد اعظم الیون کے کپتان یار محمد اور رنر اپ ٹیم کے اویس احمد کا شاندار کھیل تھا جبکہ میچ میں محمد اسماعیل ،فاروق نادر ،رضوان ،اعجاز احمد اور نوجوان شوٹنگ بال کراچی کے اُبھرتے ہوئے کھلاڑی حسنین نے بھی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرکے شوٹنگ بال کورٹ میں موجود شائقین شوٹنگ بال سے بھر پور داد وصول کی ۔میچ کا پہلا سیٹ قائد آعظم الیون نے 16-09سے اور دوسرا سیٹ چوہدری رحمت الہی الیون نے 13-16سے جیت کر مقابلہ برابر کردیا ۔
تیسرے اور فائنل سیٹ میں قائد اعظم الیون نے عمدہ کھیل کی بدولت چوہدری رحمت الہی الیون کو 16-14سے شکست دیدیا۔میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی ٹھٹہ شہر سے آئے ہوئے شوٹنگ بال کے سابق نیشنل کھلاڑی ابراہیم عباسی سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا اس موقع پر سیکریٹری کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن محمد اجمل ،نائب صدر سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن ایم شمیم قریشی ،قمر السلام پیارے ،عبدالباری ،نصیر الدین ،ملک آصف اور دیگر موجود تھے ۔مہمان خصوصی ابراہیم عباسی نے کھلاڑیوں کو شاندار کھیل پیش کرنے پر نقد انعامات سے نوازا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ابراہیم عباسی نے یوم پاکستان اسپورٹس فیسٹیول کے شاندار انعقاد پر منتظمین خصوصاً تعاون پر محکمہ کھیل سندھ کے سیکریٹری محمد راشد کو خراج تحسین پیش کیا انہوں نے کہاکہ سیکریٹری اسپورٹس سندھ محمد راشد نے سندھ میں کھیل کے ہر شعبے کو فروغ دینے کے لئے مصروف ہیں ابراہیم عباسی نے کہاکہ فیسٹیول کے انعقاد سے شہر قائد میں کھیل کے مختلف شعبوں کو جہاں فروغ حاصل ہوگا وہیں کھلاڑیوں کو اپنے جوہر دکھانے کے مواقع میسر ہونگے ۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں شوٹنگ بال کے مایہ ناز کھلاڑی موجود ہیں ان کی بہتر تربیت اور مواقع فراہم کرکے ہم قومی سطح کے شوٹنگ بال کھلاڑیوں کو سامنے لاسکتے ہیں ابراہیم عباسی نے کراچی شوٹنگ بال کو 15مئی 2016ء کو ٹھٹہ اور گھاروں میں منعقد شوٹنگ بال سیریز کھیلنے کی دعوت دی ۔