کراچی: اورلڈ اسلامک مشن کے سیکرٹری جنرل اور عالمی شہرت یافتہ اسکالر مولانا قمرالزماں اعظمی نے کہا ہے کہ انجمن طلبہ اسلام کی بنیاد ایک عظیم ہستی نے رکھی ہے وہ طلبہ کے لئے عظیم مشعلِ راہ ہیں، بانی انجمن مولانا جمیل احمد نعیمی نے پاکستان بھر میں طلبہ کے لئے انجمن کی صورت میں درسگاہ، ایک تربیت کا مرکز اور نظام مصطفی کے نفاذ کے لئے ایک مشن ترتیب دے رکھا ہے، انجمن طلبہ اسلام کے طلبہ کو یقین دلاتا ہوں کہ اگر انہوں نے سچی لگن اور جستجو کے ساتھ عشق ِ مصطفی کے پیغام کو عام کیااور نفاذ نظام مصطفی کے لئے جدوجہد کی تو وہ حضوراکرمۖ کی بارگاہ میں مقبول قرار پائینگے۔
انجمن طلبہ اسلام کراچی اور اسلامک مشن یوتھ سرکل آف پاکستان کے خصوصی وفد سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ انجمن طلبہ اسلام کا کردار ہر دور میں مثالی رہا ہے ، اسلامک مشن یوتھ سرکل پاکستان کا آغاز قابل تحسین ہے،میں بذات خود انجمن اور یوتھ سرکل کے لئے میری خدما ت ہمیشہ حاضر ہیں، اس ملاقات میںا سلامک مشن یوتھ سرکل آف پاکستان کے کراچی ڈویژن کے صدر عبدالغنی شاہ زیب نے کہا کہ مولانا قمرالزماں اعظمی کی محبت و شفقت شقی القلب میں بھی اسلام کی محبت کا زندہ کر سکتی ہے۔
مسلم دنیا کے لئے مولانا اعظمی کی شخصیت موجودہ دور میں ایک اسلامک ہیرو کی طرح ہے، ہم عنقریب کراچی کی تمام جامعات کے طلبہ وطالبات کے لئے آل کراچی اسلامک کانفرنس ورلڈ اسلامک مشن کی زیر سرپستی میں کرینگے جس میں خصوصی خطاب مولانا قمرالزماں اعظمی کا ہوگا، انجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژن کے ناظم نبیل مصطفائی نے کہا کہ انجمن طلبہ اسلام کے لئے یہ بات باعث شرف ہے کہ کراچی ڈویژن کے وفد کو حضرت نے خصوصی طور پر وقت دیا اور ہمیں علم کے گہر نایاب سے سرفراز کیا۔ اس ملاقات میں انجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژن کے ذمہ داران اور اسلامک مشن یوتھ سرکل آف پاکستان کے ذمہ داران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔