نیویارک (جیوڈیسک) نیویارک سٹی کے پولیس کمشنر ولیم بِل برائٹن نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے اپنے گھر کی سکیورٹی پر دیگر آفیسرز کے ساتھ ساتھ ساتھ مسلمان پولیس آفیسران بھی شامل ہیں ۔ان کا کہنا تھا دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ کے قلع قمع کے لیے مسلم کیمونیٹیز کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، ہمیں انکا بھرپور تعاون اور اعتماد حاصل ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی وی چینل “ایم ایس این بی سی” کے پروگرام “مارننگ شو ” میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا بار بار یہ کہنا کہ مسلمانوں پر امریکہ میں داخلے پر پابندی لگا دینی چاہیے ناصرف بلاجواز ہے بلکہ دہشت گردی کے خاتمے کے خلاف ہماری جاری کوششوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے آفیسرز کی تعداد 36000 ہے جس میں 1000 کے قریب مسلمان آفیسر شامل ہیں ۔ نیویارک پولیس کی بھاری نفری مین ھیٹن شہر کی اہم اور بلند و بالا عمارتوں کی سیکیورٹی پر تعینات ہے جس میں ڈونلڈ ٹرمپ کا پلازہ “ٹرمپ پلازہ” بھی شامل ہے جس میں اسکی اپنی رہائش گاہ ہے، وہاں اسکی سیکیورٹی پر بھی دیگر کے ساتھ ساتھ مسلمان افسران بھی شامل ہیں ۔ اس سلسلے میں کوئی تخصیص نہیں کی جاتی اور ہمیں اپنی پولیس فورس پر مکمل اعتماد ہے ۔”دنیا نیوز” سے گفتگو کرتے ہوئے ایک پولیس افیسر لیری نے کہا کہ پولیس ڈیپارٹمنٹ میں ہمارے مسلمان افیسران کے ساتھ بڑے اچھے تعلقات ہیں اور ڈونلڈ ٹرمپ کا جو بیان ہے اس کو سنجیدہ نہیں لینا چاہیئے۔
امریکہ میں مسلمانوں کی تنظیم ” کئیر ” کے ترجمان ابراہیم ہوپر کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے مسلمانوں کے خلاف سخت بیانات نے ثابت کر دیا ہے کہ اُسکا دماغی توازن بگڑ گیا ہے لہذا اُسکو کسی سرجن سے علاج کروانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے مسلم دنیا کے ساتھ امریکہ کے تعلقات خراب ہو سکتے ہیں ۔ ڈیموکرٹیک صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن نے ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر کا خواب دیکھنے والا شخص اتنا لاپرواہ ہے کہ اُسکو یہ بھی نہیں پتہ کہ معاشرے میں رہنے کے لیئے کیا اصول واضح کیے جاتے ہیں ۔
ان کا مزید کہنا تھا ڈونلڈ ٹرمپ کے شرمناک بیانات پر تبصرہ کرنے کے لیے میں اپنا وقت برباد نہیں کرنا چاہتی کیونکہ اُسکے خیالات اتنے بھونڈے ہیں کہ کسی کو بھی اس پر سنجیدہ نہیں ہونا چاہیئے ۔ ہیلری کلنٹن کا مذید کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ میں وہ صلاحیت ہی نہیں کہ وہ دنیا کو ساتھ لیکر چلیں ۔