کراچی (جیوڈیسک) ایک حالیہ سروے کے مطابق دنیا بھر میں اسلام تیزی سے پھیل رہا ہے، جس کی بدولت مسلمانوں کی آبادی 2050ء تک عیسائیوں کے برابر ہو جائے گی ۔ PEW سرچ سینٹر کی جانب سے مذہب کی بنیادوں پر شرح پیدائش، نوجوانوں آبادی میں اضافے اور مذہبی تبادلوں کے رجحانات پر جمع کیے گئے اعدادوشمار کے حوالے سے ایک رپورٹ مرتب کی گئی ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئندہ 4 دہائیوں میں مسیحیت کے پیروکار دنیا کی آبادی کا سب سے بڑا حصہ رہیں گے، تاہم کسی بھی دوسرے اہم مذہب کے مقابلے میں اسلام تیزی سے بڑھنے والا مذہب بن جائے گا۔رپورٹ میں پیشنگوئی کی گئی ہے کہ سال 2050ء میں دنیا کی 29اعشاریہ 7 فیصد آبادی جو کہ تقریباً دو ارب 76 کروڑ افراد کے برابر ہے، اسلام کے پیروکاروں پر مشتمل ہوگی اور مسیحیت کے پیروکاروں کی تعداد دو ارب 92 کروڑ ہو گی جو کہ دنیا کی آبادی کا 31اعشاریہ 4 فیصد ہوں گے۔
اس طرح دنیا بھر میں 2050ء تک مسلمانوں کی آبادی مسیحی آبادی کے قریب آجائے گی۔رپورٹ کے مطابق ہندو مذہب کے پیروکارو کی آبادی دنیا میں تیسرے نمبر پر یعنی 14اعشاریہ9 فیصد تک ہوجائے گی، جبکہ 2050ء میں دنیا میں 13اعشاریہ2 فیصد لوگ ایسے بھی ہوں گے جن کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔