مسلمانوں کی ترقی کا خواہش مند ہوں، نریندر مودی

Narendra Modi

Narendra Modi

نئی دلی (جیوڈیسک) بھارتی وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ بھارتی مسلمان بچوں کے ایک ہاتھ میں قرآن اور دوسرے ہاتھ میں کمپیوٹر ہو، وہ مسلمانوں کی ترقی کے خواہش مند ہیں۔

اپنے ایک ٹیلی وژن انٹرویو میں بی جے پی کے رہنما اور وزارت عظمیٰ کے مضبوط امیدوار نریندر مودی نے مسلمانوں کو یقین دلایا کہ وہ ان کی مذہبی روایات کا احترام کرتے ہیں۔ مودی نے کہا کہ وہ تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں اور اپنی روایات کو بھی پیش نظر رکھنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ قبل انہیں ایک مسلم رہنما کی جانب سے ٹوپی کا تحفہ دیا گیا تھا تاہم انہوں نے اسے پہننے سے انکار کردیا تھا کیونکہ وہ لوگوں کو مذہب کے حوالے سے دھوکا نہیں دینا چاہتے تھے۔

اپنے انٹرویو میں مودی کا کہنا تھا کہ مسلمان اس وقت معاشی طور پر کمزور، تعلیم میں پیچھے اور سرکاری نوکریوں میں کم تعداد میں ہیں اور وہ مسلمانوں کو ترقی کرتے دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ مسلمان بھارتی معاشی ترقی کے ثمرات سے فائدہ اٹھائیں۔

نریندر مودی کا کہنا تھا کہ وہ چاھتے ہیں مسلمان بچوں کے ایک ہاتھ میں قرآن اور دوسرے میں کمپیوٹر ہو اور وہ ہر شعبہ زندگی میں ترقی کریں۔