مصطفی آباد/للیانی (نامہ نگار) سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سلطان محمود کا تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کشمیر کی عوام کے لیے بہترین فیصلہ ہے، ان کا ماضی اور حال صاف و شفاف ہے، امید ہے کہ وہ مزید اچھے لوگ سامنے لائیں گے جو ملک میں تبدیلی کے نعرے کو عملی جامہ پہنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے،ان کی تحریک انصاف میں شمولیت سے تحریک انصاف کشمیر میں بھی مضبوط جماعت بن سکے۔تحریک انصاف ملک میں میرٹ کا نظام لائے گی جس سے ملک میں تبدیلی آ جائے گی۔ان خیالات کا اظہار رہنما تحریک انصاف مسز مسعود احمد بھٹی نے پریس کلب مصطفی آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کو مذاکرات میں شامل کئے بغیر کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہو سکے گا۔ پانچ جنگوں کے باوجود کشمیری عوام کوآزادی نہیں ملی اس مسئلے کا حل مذاکرات ہے۔ مسلہ کشمیر حل ہونے سے دونوں ملکوں کی معاشی حالت بہتر ہو گی۔ کشمیر سے نکلنے والے تما م دریا بھارت کے قبضے میں ہیں اگر مسئلہ کشمیر حل نہ ہو ا تو پاکستان میں پانی کا قحط پڑ سکتا ہے۔ خطے میں امن کے لئے کشمیری عوام کو حق خود ارادیت ملنی چاہیے۔ سال میں ایک دن منانے سے حقیقی معنوں میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی نہیں ہو سکتا، حقیقی یکجہتی کا تقا ضا ہے کہ پاکستان بھارت سے دو ٹوک انداز میں بات کرے کہ اگر یو این او کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق نہیں دیتا تو پھر سخت رویہ اختیار کیا جائے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ مصطفی آباد/للیانی(نامہ نگار) پیپلز پارٹی قومی سیاست پر یقین رکھنے کے ساتھ ساتھ غریب عوام کی بھی سیاست کرتی ہے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت بچانے کے لئے مفادات کی بجائے قربانیاں دینے کو ترجیح دی ہے، حکومت ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے میں ناکام نظر آ رہی ہے جس کی وجہ سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہورہا ہے انہوں نے کہا کہ عوام بجلی گیس اور مہنگائی کے ستائے ہوئے ہیں انہیں اس عذاب سے نجات دلانا ہو گی پیپلز پارٹی عوام میں مقبول جماعت ہے جو حکومت میں رہے یا اپوزیشن میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گیا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی حلقہ این اے 138کی ٹکٹ ہولڈر ناصرہ میئو نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اپنی فوجیں مقبوضہ کشمیر سے فوری طور پر نکالے اور کشمیریوں کا خون بہانہ بند کر دے۔ ذوالفقار علی بھٹو جیسی جرات سے کسی حکمران نے بھارت کو نہیں للکارا۔ کشمیر کے حوالے سے سب سے پہلے اور موثر آواز ذوالفقار علی بھٹو نے اٹھائی۔ کشمیر کشمیریوں کا ہے۔ یو این او کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے اس حوالے سے بھارتی حکومت بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرے۔حق خودارادیت کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے۔بھارت اور پاکستان کو ڈائیلاگ کے ذریعے متنازعہ امور کا حل نکالنا ہوگا۔ حکومت پاکستان عالمی سطح پر کشمیر کے مسئلے کو اٹھانے کیلئے سفارتی سطح پر کام کو بڑھائے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ مصطفی آباد/للیانی(نامہ نگار)پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی حکومت دہشت گردی سمیت دیگر بحرانوں کے خاتمے کے لئے شب و روز کوشاں ہیں لیکن چند غیر ملکی ایجنٹ ملک میں افراتفری پھیلا کر اپنے مذموم عزائم حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن عوام ان کے کسی مذموم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ان خیالات کا اظہار جزل سیکرٹری مسلم لیگ ن MYOلاہور ڈویژن سعید احمد بھٹی و رہنما مسلم لیگ ن عثمان علی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن حکومت ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کیلئے اپنی تمام تر کاوشیں بروئے کار لا رہی ہے ۔موجودہ حا لا ت میں حکومت کواپوزیشن اور مذہبی جماعتوں کی طرف سے مکمل حمایت کی ضرورت ہے کیونکہ دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے جہاں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے وہیں عوام پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بھی دہشت گردی کی لعنت سے نجات حاصل کرنے کیلئے شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں کیونکہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے اتحاد و یکجہتی کی اشد ضرورت ہے کیونکہ ملک دشمن طاقتیں ہمارے اندرونی حالات خراب کروا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہیں۔