مصطفی آباد/للیانی (نامہ نگار) دو سالہ (ن) لیگی اقتدار ناکامیوں سے عبارت ہے، جعلی مینڈیٹ اور جھوٹے وعدوں کا سہارا لے کر اقتدار میں آنے والوں کو بالآخر عوام کے سامنے جوابدہ ہونا پڑے گا۔ عمران خان نے جعلی جمہوریت اور بادشاہت کو ختم کرنے کا عزم کر رکھا ہے، کارکنان اور عوام ملک میں تبدیلی کے لئے پر عزم ہیں، آنے والا دور تحریک انصاف کا ہے۔وفاقی حکومت مسائل کے حل میں مکمل ناکام ہو چکی، تمام تر وعدوں کے باوجود توانائی بحران کا جاری رہنا حکومت کی نا اہلی ہے، ہر طرف غیر یقینی صورتحال کا دور دورہ ہے، الیکشن ٹربیونل کے فیصلے نے عمران خان کو عوام کے سامنے سرخرو کر دیا۔ان خیالات کا اظہار رہنما تحریک انصاف و امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 175مسز مسعود احمد بھٹی نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ این اے 122 پر نادرا کی رپورٹ سے ثابت ہوگیا کہ ایاز صادق کا مینڈیٹ حقیقی نہیں۔ تحریک انصاف روزاول سے کہہ رہی ہے کہ این اے 122 پر ایاز صادق کا مینڈیٹ حقیقی نہیں، جعلی ووٹوں سے ایاز صادق کی فتح کی راہ ہموار کی گئی، اس حوالے سے نادرا کی رپورٹ ہمارے موقف کی توثیق ہے۔رپورٹ کے مطابق ایک لاکھ 36 ہزار ووٹوں کی تصدیق نہیں ہوسکی جس سے بڑے پیمانے پر کی گئی دھاندلی کا رازفاش ہوگیا۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مصطفی آباد/للیانی (نامہ نگار) دہشت گرد مذموم کاروائیوں کے ذریعے ملک میں فرقہ واریت پھیلانا چاہے ہیں۔ دکھ کی اس گھڑی میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں،سانحہ صفورہ میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے، کئی سال سے جاری آپریشن کے باوجود اس طرح سے دن دیہاڑے دہشت گردی کے واقعات کا رونماء ہونا باعث تشویش ہے،ان خیالات کا اظہار سماجی رہنما سید اسرار احمد زیدی شاہ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے مزیدکہاکہ سیاستدان بیان بازی کے ذریعے قوم کو الجھانے کے بجائے اصل دشمنوں کو بے نقاب کریں ، دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز رنگ ونسل ،مذہب کاروائی کی جائے کیونکہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیںاور نہ ہی کوئی مذہب دہشت گردی کا درس دیتاہے۔ پاکستان کے مستقبل کے تحفظ اور اس کی عالمی ساکھ و وقار کو محفوظ رکھنے کیلئے دہشتگردوں کی سرکوبی ‘ قاتلوں کی گرفتاری اور ان کے سرپرستوں و سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچا نا ناگزیر ہوچکاہے۔
مصطفی آباد/للیانی (نامہ نگار) کراچی صفورا گوٹھ کے قریب بس پر فائرنگ ایک بزدلانہ کاروائی ہے۔جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،اس حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاء پر ہم اسماعیلی برادری کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔دہشت گرد ہمیں تقسیم کرنا چاہتے ہیں مگر ہم ایک قوم تھے ،ہیں اور رہیں گے ان خیالات کا اظہار صدر ملت ویلفیئر سوسائٹی افتخار احمد سلطانی نے پریس کلب مصطفی آباد للیانی رجسٹرڈ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو دہشت گردوں کی یرغمالی سے نجات دلانے کا وقت آگیا ہے شہیدوں کے بیگناہ خون کا حساب لیے بغیر امن کا قیام ناممکن ہے اس کے لیے تمام مکاتب فکر اور سیاسی و مذہبی جماعتیں ملکی بقاء اور استحکام کے لیے سبز ہلالی پرچم تلے متحد ہونا ہو گایہی دہشت گردوں سے نجات کا واحد راستہ ہے انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو نفرت کی لکیروں کو مٹا کر اور رنجشیں بھلا کر دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا ہو گااس کے لیے ضروری ہے کہ حکومت وقت سے تعاون کیا جائے تاکہ دہشت گردی جیسی لعنت سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکے