مصطفیٰ کمال کے بعد انیس قائم خانی کے ایم کیو ایم قیادت سے اختلافات کی خبریں

Anis Qaimkhani

Anis Qaimkhani

ایم کیو ایم (جیوڈیسک) سب سے پہلے بات ایم کیو ایم کی۔۔۔ سینیٹر مصطفی کمال کے بعد انیس قائم خانی کے ایم کیو ایم قیادت سے اختلافات کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ تاہم رابطہ کمیٹی نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے۔

ایم کیو ایم کے اعلامیے کے مطابق مصطفی کمال کئی ماہ سے نجی مصروفیات اور ازدواجی مسائل کا شکار ہیں اور بیرون ملک مقیم ہیں۔ رابطہ کمیٹی کے مطابق بیرون ملک روانگی سے قبل مصطفی کمال نے ایم کیو ایم قیادت کو باضابطہ طور پر مطلع کیا تھا۔

انہوں نے نجی مصروفیات کی وجہ سے رواں سال نومبر میں سینیٹ کی رکنیت سے استعفی بھی پارٹی قیادت کو بھجوایا تھا تاہم اسے ابھی تک منظور نہیں کیا گیا۔ گزشتہ روز استعفے کی خبر آنے پر ایم کیو ایم کی طرف سے تردید جاری کی گئی تاہم منظور نہ کئے جانے کی خبر کے ساتھ استعفے کی تصدیق کردی گئی ہے۔ رابطہ کمیٹی کے مطابق مصطفی کمال نے دوہزار نو میں بھی کاروبار کیلئے کچھ عرصہ تک پارٹی سرگرمیوں سے رخصت لی تھی۔

جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ الطاف حسین، رابطہ کمیٹی اور کارکنان مصطفی کمال کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ ان کے نجی مسائل کا جلد سے جلد خاتمہ ہو۔ دوسری جانب ایم کیو ایم کے رہنما انیس قائم خانی بھی بیرون ملک چلے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان کا پارٹی قیادت سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔