کراچی (جیوڈیسک) سابق سٹی ناظم مصطفی کمال اپنی پارٹی کو آج نام دیں گے، ان کا کہنا ہے اپنے اپنے مسالک اور پارٹی میں قائم رہیں لیکن مخالفین کو دشمن نہ بنائیں۔
دوسروں کی عزت کی بات کرکے وہ بنیادی شروعات کر رہے ہیں ، کمال ہائوس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ 23 مارچ کو پارٹی کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔ پارٹی اور جھنڈے کے لئے الیکشن کمیشن کے پاس درخواست بھی جمع کرائیں گے ۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ اس ہفتے وہ حیدر آباد جا رہے ہیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ جلسے کی تاریخ کا بھی جلد اعلان کیا جائے گا۔ ابھی کسی کو جلسے میں شرکت کی دعوت نہیں دی۔ رضا کاروں سے ہی جلسہ گاہ بھر جائے گی۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ فوری شہرت کے لیے ہر کسی کو آفس کھولنے کا نہیں کہا ، صورت حال دیکھ کر باقاعدہ آفس کھولیں گے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھاکہ وہ پارٹی میں آنیوالوں سے کہتے ہیں کہ ان کے ساتھ آنا ہے تو مخالفین کی عزت کرنا سیکھیں، اپنے اپنے مسالک اور پارٹی میں قائم رہیں لیکن مخالفین کو دشمن نہ بنائیں ، نفرتیں ہونے سے کارکن آپس میں لڑتے ہیں، ماؤں کے بیٹے مارے جاتے ہیں۔