کراچی (جیوڈیسک) پاک سرزمین پارٹی نے الیکشن کمیشن میں پارٹی کی رجسٹریشن کروالی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ فوری پر صوبائی فنانس کمیشن تشکیل دیے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق ناظم کراچی مصطفیٰ کمال نے اپنی پارٹی پاک سرزمین پارٹی کی الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن کروالی۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ کا سارا پیسہ ہمیشہ ضائع ہوجاتا ہے۔ ملک میں کوئی ایک گلی بھی ایسی نہیں جسے دیکھ کر کہا جائے کہ یہاں ترقیاتی کام ہوئے۔ سارے منصوبے کاغذوں پر بنتے ہیں اور سارا پیسہ بھی وہیں خرچ ہوجاتا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر صوبائی فنانس کمیشن تشکیل دیے جائیں اور ان کے ذریعے ضلعی سطح پر فنڈز کو تقسیم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ناظمین کے ذریعے بجٹ کا پیسہ خرچ کیا جائے تاکہ صحیح معنوں میں مقامی سطح پر عوام تک اس کے ثمرات پہنچیں۔ صوبائی حکومت کا کام صرف نگرانی کرنا ہے۔ اصل کام کروانا مقامی حکومتوں کا کام ہے۔
مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر بے دلی سے بلدیاتی انتخابات تو کروا لیے گئے لیکن اختیارات ابھی تک نہیں دیے گئے۔ یہی نہیں پہلے سے موجود اختیارات بھی چھین لیے گئے۔ یہ حرکت تو کسی جگہ پر قبضہ کرنے والی کوئی فوج بھی نہیں کرتی۔
انہوں نے برطانوی راج کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جب برطانیہ نے برصغیر پر قبضہ کیا تو انہوں نے بھی مقامی حکومتوں کے ذریعے اپنا نظام چلایا اور اپنے اقتدار کو دوام بخشا۔