کراچی (جیوڈیسک) گورنر سندھ عشرت العباد کا کہنا ہے کہ اگر وہ مصطفی کمال کے ساتھ ہوتے تو ان کے آگے ہوتے پیچھے نہیں۔
لیاری ایکسپریس وے کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال کا معاملہ بالکل 18 ویں ترمیم جیسا ہے۔
ملک میں خبریں گردش کررہی ہیں کہ میں بھی ان کا حمایتی ہوں لیکن اگر میں ان کے ساتھ ہوتا تو ان کے پیچھے نہیں بلکہ آگے ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ کسی اسپتال یا پارک کو ٹھیک کراتے تو پوچھا جاتا ہے کہ کون آنے والا ہے۔
لیاری ایکسپریس وے کے حوالے سے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ یہ ایک بڑا منصوبہ اور کراچی کے عوام کے لیے تحفے سے کم نہیں۔ منصوبے کی تکمیل کے لئے بہت سے لوگوں کو نقل مکانی بھی کرنا پڑی۔ کراچی کے حالات اور اس کے ڈیزائن کی وجہ سے اس کی تکمیل میں تاخیر ہوئی ہے۔
اب حالات کی بہتری کے بعد کام تیزی سے جاری ہے اور آئندہ 18 ماہ میں یہ منصوبہ مکمل ہو جائے گا۔ اس کی تکمیل کے بعد ٹریفک کی روانی بہتر ہو جائے گی اور ٹریفک کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔