کراچی (جیوڈیسک) قومی دھارے کی سیاسی پارٹیوں میں سابق ناظم کراچی مصطفی کمال نے پاک سر زمین پارٹی کا اضافہ کر دیا۔ انہوں نے پارٹی کے نام کا باقاعدہ اعلان اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایک تقریب میں کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کراچی میں طاقت حاصل کرنے نہیں آئے اور نہ ہی کسی کی پوزیشن چھیننے بلکہ پاکستان اور نوجوان نسل کیلئے آئے ہیں۔
ہماری جدوجہد کا مقصد اپنے لیے مراعات حاصل کرنا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا میں اور میرے دوستوں نے طاقت کو جوتے کی نوک پر رکھا ہمارے پاس سب کچھ تھا لیکن ہم لات مار کر چلے گئے کیونکہ بت شکن ہیں ۔ مصطفیٰ کمال نے کہا اختیارات کے باوجود لوگوں کی خدمت نہیں کر پا رہے تھے اس لئے عہدے چھوڑ کر چلے گئے۔
لعنت ایسی طاقت ، پوسٹوں پر جس سے لوگوں کی خدمت نہ کر سکیں۔ مصطفیٰ کمال نے کہا آج ہم پوزیشن، اقتدار حاصل کرنے نہیں لوگوں کو جوڑنے آئے ہیں۔ کراچی کے لوگ ہماری کارکردگی کے گواہ ہیں۔ ہم نسلی، لسانی اور سیاسی بنیادوں پر تقسیم ہو چکے ہیں لیکن اب اس سلسلے کو بند کرنا ہو گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وسیم آفتاب نے کہا نوجوان نسل ہماری امید ہیں نوجوانوں کے حوصلے ستاروں پر کمند ڈالنے والے ہیں اور ہم نوجوانوں کو مایوس نہیں ہونے دیں گے۔ ملک میں بہت جھوٹ بولا گیا ہے لیکن ہمارے قافلے میں صرف پاکستانی ہو گا۔
واضح رہے وطن واپسی کے بعد مصطفیٰ کمال نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ وہ 23 مارچ کو اپنی پارٹی اور پرچم کا اعلان کریں گے۔