کراچی (جیوڈیسک) پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفیٰ کمال سخت سیکیورٹی میں پیپلزپارٹی کے گڑھ لیاری پہنچے جہاں پی پی پی کے رکن صوبائی اسمبلی جاوید ناگوری نے ان کا استقبال کیا۔
مصطفیٰ کمال اپنے قافلے کے ہمراہ لیاری پہنچے تو لوگوں کی جانب سے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جب کہ نوجوانوں نے مصطفیٰ کمال کی آمد پر لیاری کا روایتی لیوا رقص بھی پیش کیا۔
آٹھ چوک میں عوامی اجتماع سے خطاب میں مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کو متحد کرنا چاہتے ہیں، لیاری سے پھوٹنے والی کرنیں پورے ملک میں پھیلیں گی، ہم یہاں غیور عوام سے ووٹ مانگنے نہیں بلکہ اپنے منشور سے آگاہ کرنے آئے ہیں اور ہم بتائیں گے کہ ایک مہینے کی پارٹی سب سے بڑے پارک میں جلسہ کیسے کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آخری دم تک حق بات کرتے رہیں گے، پاکستان کے عوام کو متحد کرنا چاہتے ہیں، اب کراچی میں ناحق خون نہیں بہے گا، شہریوں کے بنیادی مسائل پر بات کریں گے۔
اس سے قبل جمعیت علما اسلام (ف) کے رہنما اور سندھ کونسل کے رکن عمران ترین ایڈووکیٹ پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوگئے۔ عمران ترین ایڈووکیٹ اپنے ساتھیوں سمیت کمال ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے ساتھیوں سمیت جے یو آئی (ف) چھوڑ کر مصطفیٰ کمال کے قافلے میں شامل ہونے کا اعلان کیا جس کے بعد عمران ترین واحد وہ سیاسی رہنما ہیں جن کا تعلق ایم کے علاوہ کسی اور جماعت سے ہے۔