اسلام آباد (جیوڈیسک) عمران خان نے کہا ہے کہ مصطفی کمال نے دھاندلی کے متعلق ہمارے مؤقف کی تائید کر دی، سابق میئر کراچی کی پی ٹی آئی میں شمولیت قبل از وقت ہے۔
تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات اپریل میں ہوں گے، بنگلہ دیش سے ہارنے پر نواز شریف اور نجم سیٹھی کو مین آف دی میچ ہونا چاہئے تھا۔ عمران خان کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ کراچی اور ایم کیو ایم کی سیاست پر بات کرنے کی ان کے پاس بصیرت نہیں ہے۔ دھاندلی پر مصطفیٰ کمال نے پی ٹی آئی کے مؤقف کی تائید کر دی ہے۔
عمران خان نے بنگلہ دیش سے میچ ہارنے پر وزیر اعظم اور نجم سیٹھی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کوئی ایسا ادارہ نہیں جہاں نواز شریف نے سفارشی سربراہ نہ لگایا ہو۔ عمران خان نے آزاد کشمیر میں الیکشن فوج کی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ کیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات اپریل میں ہونگے۔