کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کی قیادت نے سندھ کے بلدیاتی نظام کیخلاف احتجاج کی کال دی تو کارکنوں نے بھی دل کھول کر بھڑاس نکالی۔ کوئی لاٹھی اور گولی کی سرکار نہیں چلے گی کے نعرے لگاتا رہا۔ تو کسی نے ظلم کے ضابطے ماننے سے انکار کا عزم ظاہر کیا۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنونیئر خالد مقبول نے سندھ کے بلدیاتی آرڈیننس کو کالا قانون قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد رہنے کا خواب دیکھنے والے سڑکوں پر آ گئے ہیں۔ ایم کیو ایم ووٹروں کے حقوق کا تحفظ کرے گی۔ ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی نے پیپلز پارٹی پر جعلی مینڈیٹ کا الزام عائد کرتے ہوئے ملک بھر میں مردم شماری کا مطالبہ کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس مقصد کیلئے کراچی میں فوج بھی آئی تو اعتراض نہیں کریں گے۔ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت خزانے پر سانپ بن کر بیٹھنا چاہتی ہے لیکن بھرپور مزاحمت کریں گے۔ مظاہرین سے خواجہ اظہار الحسن، ڈاکٹر صغیر احمد اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔