مظفر گڑھ : 9 افراد کی ہلاکت کا معمہ حل، سگی چچی ملوث نکلی

Muzaffargarh

Muzaffargarh

مظفر گڑھ (جیوڈیسک) مظفر گڑھ میں 9 افراد کی ہلاکت کا معمہ حل ہوگیا، ہلاکتوں میں سگی چچی ملوث نکلی، ملزمہ شاہین بی بی نے اپنے آشنا سے ملنے کیلئے آٹے میں زہریلی گولیاں ملائیں، ملزمہ نے اعتراف جرم کر لیا، چالان پیش کر دیا گیا۔ مظفر گڑھ مظفر گڑھ میں 7 بچوں سمیت 9 افراد کی ہلاکت کا معمہ حل ہوگیا۔ اپنے آشنا سے ملنے کیلئے رشتہ دار خاتون نے آٹے میں زہریلی گولیاں ملائی تھیں۔

آٹے میں زہریلی گولیوں کی زیادہ تعداد سے ان افراد کی ہلاکتیں ہوئیں۔ مظفر گڑھ میں چند روز قبل جتوئی کی بستی جانگلہ میں زہریلا کھانا کھانے سے 9 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جس کے بعد پولیس نے جاں بحق ہونے والے خاندان کی 2 خواتین کو حراست میں لے لیا تھا۔

انہیں شک تھا کہ کسی نے آٹے میں زہریلی گولیاں ملائی ہیں جس سے ان کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ پولیس نے ملزمہ شاہین بی بی سے تفتیش کی جس سے معلوم ہوا کہ اس نے اپنے آشنا سے ملنے کیلئے آٹے میں زیادہ مقدار میں نشہ آور گولیاں ملائی تھیں جس کے باعث ہلاکتیں ہوئیں۔ تفتیشی آفیسر نے بتایا کہ ملزمہ شاہین بی بی جو کہ ہلاک ہونے والے بچوں کی سگی چچی ہے نے اعتراف جرم کر لیا ہے اور اس کیخلاف چالان عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔