مظفر آباد : وادی نیلم میں ایمبولینس پر بھارتی فائرنگ کیخلاف یوم احتجاج

Protest

Protest

مظفر آباد (جیوڈیسک) آزاد کشمیر میں امدادی اداروں نے وادی نیلم میں ایمبولینس پر بھارتی فوج کی فائرنگ کے خلاف آج یوم احتجاج منایا۔

مظفرآباد میں حریت رہنما یسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کی قیادت میں بھارت مخالف ریلی نکالی گئی ۔ مظفرآباد میں مرکزی ایوان صحافت سے نکالی گئی امدادی اداروں کی ریلی کی قیادت حریت رہنما مشعال ملک نے کی۔

ریلی میں شریک امدادی اداروں کے کارکنوں نے ایمبولینسز کے ہمراہ یو این او مبصر مشن کے دفتر تک مارچ کیا ۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارت نے ایمبولنسز پر فائرنگ کر کے دنیا انسانیت کے تمام قوانین کو روند ڈالا ہے۔

احتجاجی ریلی میں ایدھی ایمبولنس ، الخدمت فائونڈیشن اور فلاح انسانیت سمیت دیگر امدادی اداروں کی ایمبولنسز اور امدادی کارکنوں نے شرکت کی۔

آزاد کشمیر کے دوسرے شہروں میں بھی ایمرجنسی سروس فراہم کرنے والے امدادی اداروں نے بھارت کے انسانیت دشمن اقدامات کے خلاف احتجاج کیا اور اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے سے روکیں۔