مظفرگڑھ (جیوڈیسک) جنوبی پنجاب کے شہر مظفرگڑھ کی تحصیل جتوئی میں پیر کی رات ایک 13 سالہ کمسن لڑکی کا ریپ کرنے والے پانچ مشتبہ افراد کو پولیس نے گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ خیال رہے کہ یہ واقعہ رواں ہفتے پیر کی رات تحصیل جتوئی کے گاؤں رام پور میں پیش آیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے متاثرہ لڑکی نے ان افراد میں سے تین کو شناخت کرلیا ہے۔ یہ مشتبہ افراد لڑکی کو کپڑے دھونے کی فیکٹری میں لے گئے تھے، جہاں پر انہوں نے اس کو مبینہ طور پر ریپ کا نشانہ بنایا۔
منگل کے روز مشتبہ افراد مذکورہ لڑکی کو اس کے گھر کے سامنے چھوڑ گئے تھے اور اس کے والد کو پولیس سے رابطہ کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکی دی تھی۔ تاہم لڑکی کے والد نے بعد میں پولیس سے رابطہ کیا، جبکہ متاثرہ لڑکی کو جتوئی کے تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں پر میڈیکل رپورٹ میں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ اسے ریپ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔