مظفرگڑھ (جیوڈیسک) مظفرگڑھ میں دلہن کے اغوا میں ملوث ملزموں کے دو ساتھیوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ تاہم دلہن کو اب تک بازیاب نہیں کرایا جاسکا ہے۔ مظفرگڑھ کی تحصیل جتوئی کے علاقے شہر سلطان میں تین روز پہلے شادی کے گھر میں مہمان بن کر آنے والے ملزمان نے گھروالوں کو نشہ آور مٹھائی کھلا کر بے ہوش کردیا تھا اور دو روز کی نئی نویلی دلہن کو اغواکرکے لے گئے تھے۔ واقعے کا مقدمہ دلہا اصغر کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق اغوا کاروں کے 2 ساتھیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن کا تعلق مہمند ایجنسی سے ہے۔ وہ عارضی طور پر مظفرگڑھ میں مقیم تھے۔ تاہم دلہن کا اب تک سراغ نہیں مل سکا اور خدشہ ہے کہ شاید اُسے مہمند ایجنسی لے جایا گیا ہے۔ پولیس اس امر کی تفتیش بھی کررہی ہے کہ کہیں دلہن خود توان لوگوں کے ساتھ فرار نہیں ہوئی۔