مظفر گڑھ (جیوڈیسک) مظفر گڑھ کے علاقے شہر سلطان اور خیر پور میں ٹریفک کے دو مختلف حادثات میں چار افراد جاں بحق جبکہ بچوں اور عورتوں سمیت 53 زخمی ہو گئے جن میں سے بعض کی حالت نازک ہے۔
ٹریفک حادثات میں قیمتی انسانوں جانوں کا ضیاع معمول بن گیا ہے۔ مظفر گڑھ کے قریب شہر سلطان کے نواحی علاقے حمزہ والی میں کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز رفتار کوچ سامنے سے آنے والے ٹرالر سے ٹکرا گئی جس سے 4 مسافر جاں بحق جبکہ عورتوں اور بچوں سمیت 29 زخمی ہو گئے۔
مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو قریبی ہسپتال پہنچایا جن میں سے 23 شدید زخمیوں کو بعد میں نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری طرف خیر پور کے قریب قومی شاہراہ پر کراچی سے اٹک جانے والی بس الٹنے سے 24 افراد شدید زخمی ہو گئے ۔ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں 5 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
بس موٹر سائیکل کو بچاتے ہوئے الٹ گئی۔ حادثے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔