مظفر گڑھ (جیوڈیسک) زمین پھٹی نہ آسمان گرا جتوئی کے علاقے میر ہزار خان میں جاہلوں نے زمانہ جاہلیت کی یاد تازہ کر دی۔
کپکپاتے ہونٹوں کے ساتھ آنسو بہاتی یہ ہے 6 سالہ زہرہ جسے بے اولاد ہمسائے اکرم نے گود لیا اور پھر جعلی پیر کے کہنے پر قبر میں زندہ دفن کر دیا۔ قبر میں اتارنے سے پہلے بچی کو بے ہوشی کا انجکشن لگا کر مردہ ظاہر کیا جس کے بعد مقامی مولوی عبدالرزاق نے جنازہ بھی پڑھایا۔
2 دن بعد عملیات پورے ہونے پر بچی کو قبر سے باہر نکالا گیا۔ زہرہ اصل والدین کو ملنے آئی تو انتہائی خوفزدہ تھی شک گزرنے پر بچی نے راز فاش کر دیا اور رو رو کر اپنے پر گزرے ظلم کی کہانی سنائی۔ زہرہ کے ساتھ ہونے والے انسانیت سوز سلوک پر والدین بھی تڑپ اٹھے۔ تھانہ جتوئی پولیس نے مقدمہ درج کر کے جعلی پیر خالد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دیگر ملزموں کی تلاش جاری ہے۔