مظفر گڑھ: چہلم پر دہشتگردی کا منصوبہ ناکام، پولیس مقابلے میں 4 ہلاک

Muzaffargarh

Muzaffargarh

مظفر گڑھ (جیوڈیسک) مظفر گڑھ پولیس نے چہلم امام حسین پرتخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنادیا۔ پولیس مقابلے میں کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گرد مارے گئے جبکہ مقابلے میں 3 اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ چہلم امام حسین پر دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ پولیس نے محمود کوٹ روڈ پر لکی چوک کے قریب مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو گاڑی میں سوار دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس کی جوابی فائرنگ میں 4 دہشت گرد ہلاک اور 4 فرار ہو گئے۔ ڈی پی او مظفر گڑھ رائے ضمیرالحق کے مطابق دہشت گردوں سے 12 راکٹ لانچر، 40 ہینڈ گرنیڈ اور 4 خودکش جیکٹس بھی برآمد ہوئی ہیں۔ مقابلے میں 3 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے، جنھیں اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔