مظفر گڑھ: شہباز شریف کی خود سوزی کرنے والی طالبہ کے گھر پہنچ کر اہل خانہ سے تعزیت

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

مظفر گڑھ (جیوڈیسک) وزیر اعلی شہباز شریف نے خود سوزی کرنے والی طالبہ آمنہ کے گھر پہنچ کر اس کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ وزیر اعلی کا کہنا ہے مظلوم خاندان کی داد رسی کر کے ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

وزیر اعلٰی مظلوم خاندان کے گھر ہی میں پولیس افسروں کی سرزنش کرتے اور ان پر برستے رہے۔ وزیر اعلٰی نے ڈی پی او مظفر گڑھ کو معطل اور آر پی او کو اس ایس ڈی بنانے کے احکامات جاری کر دیے۔

وزیر اعلی شہباز شریف مظفر گڑھ کی بستی گل محمد پہنچے جہاں انہوں نے اوباش نوجوانوں کے ہاتھوں زیاتی کا شکار ہونے والی خود سوزی کرنے والی فرسٹ ائیر کی طالبہ آمنہ کی والدہ سے ملاقات کی۔

انہوں نے افسوس ناک واقعے کی مذمت اور آمنہ کی موت پر اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ مظفر گڑے روانگی سے قبل وزیر اعلی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا مظلوم خاندان کی داد رسی کر کے ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ غفلت کے مرتکب اہلکار سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔

وزیر اعلیٰ طیارے میں داخل ہوتے ہی آئی جی پنجاب پر برس پڑے انہوں نے آئی جی پنجاب کی سرزنش کرتے ہوئے کہا آپ جواب دیں طالبہ خود سوزی پر کیوں مجبور ہوئی۔ انہوں نے کہا وہ ایسے واقعات پر خاموش نہیں رہ سکتے انہیں جواب چاہیے۔

مظلوم خاندان کے گھر موقع پر ہی وزیر اعلی نے پولیس افسروں کی کھنچائی کی اور ان پر برستے رہے۔ وزیر اعلی نے ڈی پی او کی سرزنش کرتے ہوئے کہا انہیں یہاں لوگوں کی داد رسی کے لئے بٹھایا گیا ہے انہوں نے مظلوم خاندان کی کیا مدد کی؟ وزیر اعلی نے آر پی او سے استفسار کیا آپ نے اب تک کیا کیا؟ وزیر اعلی نے تفتیشی افسر سے بھی باز پرس کی۔

وزیر اعلی نے آئی جی پنجاب کو ملزموں کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا ہے سب کو انصاف ہوتا ہوا دکھائی دے گا۔ متاثرہ طالبہ آمنہ نے ملزموں کی رہائی پر احتجاجاً خود سوزی کر لی تھی۔