اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین قومی احتساب بیورو قمر زمان چوہدری نے مضاربہ اسکینڈل میں لوٹی گئی رقوم کی وصولی میں خاص پیشرفت نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
قمر زمان چوہدری نے جمعرات کو نیب راولپنڈی کے دورے کے موقع پر افسران کو حکم دیا کہ لوٹی گئی رقوم کو وصول کرنے کے لیے اقدام کیے جائیں۔ نیب ذرائع کے مطابق چیئرمین نے مضاربہ اسکینڈل میں عوام کے اربوں روپے لوٹنے والوں۔
کو گرفتار اور ان سے رقوم کی ریکوری کے لیے متعدد بار نیب راولپنڈی کو احکام جاری کیے اور نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاسوں میں اس پر ہونے والی پیشرفت کو تیز کرنے اوراربوں روپے کی ریکوری کو جلد ممکن بنانے کے احکامات دیئے ہیں۔
چیرمین قومی احتساب بیورو نے ہدایت کی ہے کہ ملزمان کی ضبط کی گئی جائیدادوں سے متاثرین کو ادائیگیوں کا سلسلہ شروع کیا جائے اور ریکوری کا عمل تیز کیا جائے۔ اس موقع پر ڈی جی نیب نے مضاربہ سے متعلق ملزمان کی گرفتاری، بیرون ملک ملزمان کو واپس لانے کے اقدام اور ریفرنس عدالتوں میں دائرکرنے سے متعلق بریفنگ دی۔