اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیر اہتمام امام خمینی کے فرمان پر مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں عالمی یوم القدس منایا گیا، پنجاب، سندھ، بلوچستان، کے پی کے، آزا دکشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے 2300 سے زائد مقامات پر القدس ریلیاں نکالی گئیں اور غزہ میں جاری اسرائیل مظالم کی شدید مذمت کی گئی۔مجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس او کے زیراہتمام مرکزی ریلی امام بارگاہ جی سکس ٹو اثناء عشری اسلام آباد سے ڈی چوک پارلیمنٹ ہاوس تک نکالی گئی
جس کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے قیادت کی، اس موقع سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا بھی موجود تھے۔ ریلی میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ ز، بینرز اور فلسطین کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ غزہ میں جاری مظالم کی تاریخ انسانیت میں کوئی مثال نہیں ملتی، ایک طرف اسرائیل، زمین، آسمان اور فضا سے آگ برسا رہا ہے تو دوسری جانب مصر اور اردن نے اپنی سرحدیں بند کی ہوئی ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ امت مسلمہ کیلئے ننگ و عار ہے کہ ڈیڑھ ارب مسلمان ہونے کے باوجود بھی صہیونی غزہ پر بمباری کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹس سے واضح ہوگیا ہے کہ غزہ پر حملوں میں نام نہاد سعودی حکمران اور مصری فوجی آمر جنرل سسی ملوث ہیں اور ان کی شئے پر حماس کو ختم کرانے کیلئے یہ جنگ کرائی جارہی ہے۔ عالم اسلام کے ان خائن حکمرانوں نے امت مسلمہ کے دل زخمی کردئیے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ امت کو بیدار ہونا چاہیے اور ان نام نہاد مسلمان حکمرانوں کو اقتدار سے باہر کردینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے یوم سوگ کا اعلان کیا ہے لیکن قوم کا تقاضا ہے کہ وہ او آئی سی کا اجلاس بلائیں اوراس معاملے کو عالمی سطح پر اٹھائیں، یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کیا جائے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ اسرائیلی مظالم سے انسانیت بھی شرما گئی ہے، اسلامی ممالک کی خاموشی نے ثابت کردیا ہے کہ یہ حکمران صہیونیوں کے ایجنٹ ہیں۔ عرب ممالک کے سربراہ کا منافقانہ رویہ پوری قوم نے دیکھ لیا ہے۔
ہم او آئی سی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غزہ میں جاری مظالم بند کرائے۔ کراچی میں مرکزی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے کہا کہ کربلا ئے غزہ پر خاموشی ظاہرکرتی ہے کہ مسلم حکمران امریکی تلوے چاٹتے ہیں اس لئے وہ اس موضوع پر بات تک نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ آج لاکھوں کا یہ اجتماع ثابت کرتا ہے کہ مسلم ممالک کے عوام کیا چاہتے ہیں اور کس کے ساتھ ہیں، جبکہ دنیا نے یہ بھی دیکھ لیا ہے کہ حکمران کس کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے مغربی میڈیا کی چشم پوشی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک ملالہ ہونے والے حملے پر زمین و آسمان کے قلابے ملانے والے آج سینکڑوں ملائیں کی شہادت پر کیوں خاموش ہیں؟۔ امامیہ اسٹوڈٹنس آرگنازئشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران نے کہا کہ آج کا یہ اجتماع امام خمینی کے فرمان کے مطابق اپنے مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے۔اگر ہماری ضرورت پڑی تو ہم اپنے فلسطینیوں بھائی کی حمایت کیلئے ہر حد تک جانے کیلئے تیار ہیں۔ مسلم حکمرانوں کی پراسرار خاموشی کی مذمت کرتے ہیں۔