ایم ڈبلیو ایم نے کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد کا ابھی فیصلہ نہیں کیا۔ ناصر شیرازی

Nasir Shirazi

Nasir Shirazi

اسلام آباد : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی نے کہا ہے کہ کراچی حلقہ این اے 246 کی نشست کے لیے ہونے والے انتخابات میں ایم ڈبلیو ایم نے ابھی تک کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد کا اعلان نہیں کیا ہے۔

اس سلسلے میں ایم کیوایم اور پی ٹی آئی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے بھی ہم سے رابطے کیے ہیں ۔انتخابی اتحاد کے لیے ہمارے شعبہ سیاسیات اور مرکزی کابینہ کے اراکین میں گفت و شنید جاری ہے اور بہت جلد اس کا فیصلہ ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا ایم ڈبلیو ایم بلدیاتی انتخابات میں ملک بھر سے حصہ لے گی۔ خیبر پختونخواہ میں ہمارے بہت سارے امیدواروں نے اپنے کاغزات نامزدگی جمع کروا دیے ہیں اور ہم بہترین نتائج کے لیے پُر امید ہیں۔ گلگت بلتستان میں جاری انتخابی عمل میں بھرپور اندازسے حصہ لیا جائے گا اس سلسلے میں مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری علامہ امین شہیدی اپنے وفد کے ہمراہ گلگت سکردو کے دورہ پر ہیں اور مختلف شخصیات سے میٹنگز کا سلسلہ جاری ہیں۔

پندرہ حلقوں میں ہمارے امیدوار بھرپور طریقے سے حصہ لے رہے ہیں۔ کچھ علاقوں میں ہم خیال سیاسی و مذہبی تنظیموں سے اتحاد پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ ناصر شیرازی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین سیاسی و مذہبی اعتبار سے ایک مضبوط تنظیم کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے۔

وحدت و اخوت کا پرچار اور حب الوطنی اس تنظیم کی انفرادی شناخت ہے جسے انشا اللہ ہر حال قائم رکھا جائے گا اور یہی ہماری کامیابی کا باعث بھی بنے گا۔