کراچی : گلگت بلتستان کے نگران وزیر بلدیات قلب علی نے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹریٹ میں مرکزی رہنماوں علامہ اصغر عسکری ،سعید الحسن و دیگر سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں گلگت بلتستان کی موجودہ صورتحال اور انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایم ڈبلیو ایم کے رہنما وں نے گلگت بلتستان میں احتجاج کرنے والوں کے خلاف ایف آر کے اندراج پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پُر امن احتجاج ہمارا آئینی حق ہے جسے ریاستی غندہ گردہ گردی سے دبائے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔یہ انتقامی حربے ہمیں کسی صورت قبول نہیں ہیں۔موجودہ حکومت ایم ڈبلیو ایم کی مقبولیت اور عوامی طاقت سے خائف ہو کر اوچھے ہتکھنڈوں پر اُتر آئی ہے جو سراسر غلط ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ ملکی سالمیت و استحکام اور وقار کو مقدم رکھا۔مظلومیت کی بلا تخصیص حمایت ہمارا اولین ہدف ہے۔ رہنماوں نے مطالبہ کیا کہ یمن کے مظلوموں کے حق میں مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف درج بوگس ایف آئی آر خارج کر کے ذمہ داران پولیس افسران کے خلاف فوری کاروائی کی جائے ۔وزیر بلدیات نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس معاملہ کا سنجیدگی سے نوٹس لے کر فوری مثبت اقدامات کریں گے۔