ینگون(جیویسک) میانمر کے صدر تھین سین اپنے پہلے غیر ملکی دورہ پر روانہ ہوگئے ۔ان کے دورے کا مقصد میانمر کے مغرب کے ساتھ تعلقات کو مضبوط تر بنانا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق صدر تھین سین اپنے دورے کے آغاز پر آج ناروے پہنچیں گے۔ اس کے بعد فن لینڈ، آسٹریا، بیلجیم اور اٹلی کا دورہ کر کے وہاں کی قیادت سے ملاقاتیں اور مستقبل میں بہتر تجارتی و سیاسی تعلقات کے حوالہ سے تبادلہ خیال کریں گے۔
انہوں نے بتایاکہ 2011 کے اوائل میں برسراقتدار آنے کے بعد صدر تھین سین کا یورپی ممالک کا یہ پہلا دورہ ہے۔ یاد رہے کہ صدر تھین سین کی جانب سے برسراقتدار آنے کے بعد اقتصادی اصلاحات اور اپوزیشن رہنما آنگ سان سوچی سمیت سیاسی مخالفین کی رہائی جیسے اقدامات کو یورپ سمیت دنیا بھر کے متعدد ممالک نے بہت سراہا ہے۔