ینگون (جیوڈیسک) میانمار کی جمہوریت پسند رہنما آنگ سان سوچی کو نئی حکومت میں کابینہ میں نامزد کر دیا گیا۔ نوبل انعام یافتہ آنگ سان سوچی کی کابینہ میں شمولیت کے لئے ان کی نامزدگی کا اعلان نو منتخب صدر کی طرف سے پارلیمنٹ کے سپیکر من وین خیانگ نے کیا۔
نامزدگی کی توثیق پارلیمان میں رائے شماری کے ذریعے کی جائے گی۔ فہرست بھیج دی گئی۔ نئی حکومت میں شامل وزرا کی جو فہرست جاری کی گئی ہے اس میں نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی (این ایل ڈی) کی ہنما آن سان سوچی کا نام بھی شامل ہے۔ نئے صدر ہیٹن کیاو نے 18 کابینہ کے وزراء پر مشتمل جو فہرست پارلیمان کو بھیجی ہے اس میں آنگ سان سوچی کا نام بھی شامل ہے۔
صرف وزراء کے نام دئیے گئے ہیں لیکن کس کو کونسی وزات ملے گی اسکی تفصیلات بعد میں سامنے آنے کی توقع ہے۔ بی بی سی کے نامہ نگار جوناہ فشر کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ، توانائی تعلیم، اور صدارتی دفتر جیسی وزارتوں کو سنبھالیں گی۔
وزراء کی جو لسٹ جاری کی گئی ہے اس میں انکے علاوہ کسی اور خاتون کا نام شامل نہیں ہے۔ مبصرین کے مطابق سوچی کو ممکنہ طور پر وزارت خارجہ کا قلمدان سونپا جائیگا۔ قوانین کے مطابق حکومت کا حصہ بننے کی صرت میں سوچی کو اپنی جماعت نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی کی سربراہی چھوڑنا ہو گی۔