این اے 258 : انگوٹھوں کے نشانات کی رپورٹ الیکشن ٹریبونل میں پیش

Nadra

Nadra

کراچی (جیوڈیسک) نادرا نے این اے 258 میں انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق الیکشن ٹربیونل کو پیش کر دی، محمد صالح نامی شخص نے 8 ووٹ ڈالے جبکہ 658 وووٹرز نے ایک سے زائد ووٹ کاسٹ کئے۔ نمائندہ ذرائع جواد شعیب کے مطابق نادرا نے کراچی کے حلقہ این اے 258 میں انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق الیکشن ٹربیونل کو پیش کر دی۔ رپورٹ کے مطابق حلقے کے 18 پولنگ اسٹیشنز پر ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد کاونٹر فائل سے کم جبکہ 15 اسٹیشنوں پر کاونٹر فائل سے زائد ہے۔

نادرا نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ کاونٹر فائل نمبر 4680 پر درج شناختی کارڈ نمبر جعلی تھے، ووٹ ڈالنے والے 435 ووٹرز کا تعلق حلقہ این اے 258 سے نہیں تھا، 658 ووٹرز نے ایک سے زائد ووٹ ڈالے۔ رپورٹ کے مطابق محمد صالح نامی ووٹر نے 8 ووٹ ڈالے جبکہ ایک اور مرد ووٹر نے خواتین کے شناختی کارڈ پر کئی ووٹ ڈالے۔

نادرا نے رپورٹ کے ذریعے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ 386 کاونٹر بیلٹ پر انگوٹھے کا نشان نہیں تھا۔ نمائندہ جیو نیوز کے مطابق رپورٹ کی کاپیاں فریقین کو فراہم کردی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ 11 مئی 2013 کے عام انتخابات میں این اے 258 سے مسلم لیگ ن کے عبدالحکیم بلوچ 52,751 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے تھے جبکہ ان کے حریف اور 2008 میں منتخب ہونے والے پیپلزپارٹی کے شیر محمد بلوچ کو 38,225 ملے تھے۔