کراچی (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن)نے ملک بھر کی طرح سندھ میں بھی جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز کر دیا ،پہلے مرحلے میں جمعے کو نمائش چورنگی پر پرچم کشائی کی گئی۔ پرچم کشائی مسلم لیگ(ن) سندھ کے صدر اسماعیل راہو نے کی۔اس موقع پر مرکزی نائب صدر سلیم ضیا ء ایڈووکیٹ ،نہال ہاشمی ، شاہ محمد شاہ ،اسد عثمانی اور دیگر بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسماعیل راہو نے کہا کہ 14 اگست پاکستان کی آزادی کا دن ہے جسے مسلم لیگ ن ہر سال کی طرح اس بار بھی جوش وخروش سے منائے گی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری کے احتجاج سے حکومت جانے والی نہیں اگر دونوں جماعتوں کو احتجاج کرنا ہے تو وہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے احتجاج کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) انقلابی مارچ سے گھبرانے والی نہیں ہے ہم سیاسی انداز میں آزادی مارچ کا مقابلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومت کے خاتمے کی بات کرنے والے اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے،یہ نواز شریف کی حکومت ختم کرنے کی بات نہیں کرتے ہیں بلکہ ملک میں ڈکٹیٹر شپ کو دعوت دے رہے ہیں اور آئین اور قانون کی حکمرانی ختم کر نا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 14 ماہ بعد دھاندلی کا شور مچانے والےاس وقت کہاں تھے جب 9 برس تک ایک ایسا شخص اقتدار پر قابض رہا اور اپنی مرضی کی حکومتیں بناتاتھا اس کے خلاف تو کسی نے دھرنے نہیں دیے اورنہ ہی احتجاج کیا۔نہال ہاشمی ایڈووکیٹ نے کہا کہ اس پرچم کے سائے تلے ہم سب ایک ہیں، مسلم لیگ (ن) الیکشن لڑ کر اقتدار میں آئی ہے۔
محب وطن جمہوری قوتیں ملک میں کوئی بھی فسادی مارچ، بدامنی مارچ اور کینیڈا مارچ برداشت نہیں کریں گی،ملکی ترقی کے لیے سیاسی لوگوں کو آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم منتخب جماعت ہے ان کی جانب سے جشن آزادی کے موقع پر آزادی مارچ نہ کرنے کی اپیل کو سراہتے ہیں،ایم کیو ایم بھی چاہتی ہے کہ مارچ ملتوی کیا جائے۔