لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ(ق)کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہاہے کہ (ن) لیگ کے ساتھ اتحاد ممکن ہے نہ ہی اتحاد ہوتا نظر آرہا ہے، ہم الیکشن ہارجاتے تو دکھ نہ ہو تالیکن ہمیں جان بوجھ کر ہروایا گیا، لیگی دھڑوں کے اتحادکے حامی ہیں۔
پیر پگارا کوششیں کرنا چاہتے ہیں تو کر لیں ، آصف علی زرداری سے کوئی دوری نہیں جب ضروری ہوتا ہے تو رابطہ کر لیتے ہیں، پرویز مشرف کو غدار کہناآئین و قانون کی بھی خلاف ورزی ہے، پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ نہیں بنتا، مجھے انہیں سزا ہوتی نظر نہیں آرہی، طالبان سے مذاکرات کے حامی ہیں لیکن مذاکرات کامیاب ہوتے ہوئے نظر نہیں آرہے۔
ایک ٹی وی انٹرویو میں انھوں نے کہاکہ ہمیں ن لیگ کے ساتھ اتحاد کا کوئی شوق نہیں لیکن اگر کوئی لیگی دھڑوں کو متحد کرنا چاہتا ہے تو ہم اس کی مخالفت بھی نہیں کرتے تاہم موجودہ حالات میں ن لیگ کے ساتھ ہمارا اتحاد ممکن نہیں، عام انتخابات میں بڑی پارٹیاں ایک ہوگئیں جس کی وجہ سے ہمیں شکست ہوئی، (ن) لیگ کی حکومت آئینی مدت پوری کریگی یانہیں اس کیلیے انتظار کرنا ہو گا، نواز شریف اور عمران خان کی ملاقات اچھی بات ہے دونوں ایک پیج پرہیں یانہیں اس کاپتہ دونوں کے عمل سے چلے گا۔