ن لیگ کی وزیراعظم اورحکومت سے یکجہتی کیلئے ریلی

N League

N League

اسلام آباد (جیوڈیسک) مسلم لیگ(ن) کے زیر اہتمام وزیراعظم نواز شریف اور حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت (ن) لیگ کے سابق امیدوار این اے 48 چوہدری اشرف گجر ایڈووکیٹ نے کی ریلی کا آغاز ترنول سے ہوا جونیشنل پریس کلب سپر مارکیٹ پر اختتام پذیر ہوئی، ریلی میں مسلم لیگ ن فیڈرل کیپٹل عہدیدار، کارکن اور ذیلی تنظیموں کے کارکنوں نے بھی شرکت کی ،ریلی کے اختتام پراشرف گجر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی دبائو میں آکر وزیراعظم نواز شریف استعفیٰ نہیں دیں گے۔

پارلیمنٹ میں موجود بارہ میں سے گیارہ سیاسی جماعتیں وزیراعظم نواز شریف کی حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں، جبراً استعفے کی روایت اس ملک میں نہیں ڈالنے دیں گے، حکومت کسی بھی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی ، آئین و قانون میں ہر مطالبہ ماننے کوتیار ہیں لیکن عمران اور طاہرالقادری میں نہ مانو کی رٹ لگائے ہوئے ہیں جمہوریت میں مذاکرات ہی تمام مسائل کا حل ہوتے ہیں، عمران اور قادری مذاکرات کا دروازہ بند کر کے غیر جمہوری رویہ کا ثبوت دے رہے ہیں۔

ان کے رویوں کیوجہ سے ڈیڈلاک پیدا ہوا انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف اور ان کی حکومت نے پندرہ ماہ میں ریکارڈ میگا پراجیکٹ شروع کئے ہیں جس کی مثال ملکی تاریخ میں نہیں ملتی، تمام جمہوری قوتوں کو چاہئے کہ وہ میاں نواز شریف اور حکومت کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ ہم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکیں۔