وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کے خلاف مسلم لیگ ن نے تحریک عدم اعتماد کی حمایت کاعندیہ دے دیا ہے۔ جس کے بعد تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔۔
آزادکشمیر میں سیاسی بحران شدت اختیار کر گیا۔ مسلم لیگ ن وزیراعظم آزادکشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب کرانے کاعندیہ دیدیا ہے۔ پیپلزپارٹی آزاد کشمیر دو حصوں میں تقسیم ہوگئی ہے اور فارورڈ بلاک تشکیل پا چکا ہے۔
مسلم لیگ ن آزادکشمیر نیفارورڈ بلاک کے سربراہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ بیرسٹر سلطان کے ترجمان کے مطابق فارورڈ گروپ کو پچیس ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر نے بھی تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں۔
سردار عتیق احمد خان کہتے ہیں کہ مسلم کانفرنس آزاد کشمیر نیابھی تک تحریک عدم اعتماد کا حصہ بنے یا نہ بننے کا فیصلہ نہیں کیا۔ دوسری جانب اسپیکراسمبلی سردارغلام صادق نے تین ارکان اسمبلی عبدالماجدخان، اخترربانی اور چوہدری ارشد حسین کے استعفے منظور کرلئے ہیں۔ جب کہ تینوں ارکان نے استعفوں کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے۔ استعفے دینے ہوتے تو خود اسپیکر اسمبلی روبرو مستعفی ہوتے۔ ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر قانون سازاسمبلی کا اجلاس چھبیس جولائی کو بلائے جانے کا امکان ہے۔ جس میں تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری کرائی جائے گی۔