ملتان (جیوڈیسک) ملتان سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ ن لیگ کی حکومت اپنی 120 دن کی کارکردگی کے خوف سے غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات کروا رہی ہے موجودہ حکومت غربت نہیں غریب کو ختم کر رہی ہے۔ سرکٹ ہاس ملتان میں ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے سابق گورنر لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ جنہوں نے ملک میں 45 ہزار معصوم شہری اور سات ہزار فوجی جوان شہید کیے۔ ان کے ساتھ مذاکرات کرنا آئین اور قانون کیخلاف ہے کیونکہ مذاکرات کے دوران ہی طالبان نے ہمارے فوجی جنرل اور مسیح بھائیوں کو نشانہ بنایا ہے۔
لطیف کھوسہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی 120 دن کی کارکردگی سے عوام کی پریشانی میں اضافہ ہوا ہے، اس لیے عوام موجودہ حکومت کو ووٹ دینا تو دور کی بات ن لیگ کی ٹکٹ پر بلدیاتی انتخاب لڑنے کو بھی تیار نہیں جس سے گھبرا کر حکومت ملک میں غیر جماعتی بلدیاتی الیکشن کروا رہی ہے۔
سابق گورنر نے کہا کہ جب تک ملک میں امن قائم نہیں ہو گاملک میں معاشی خوشحالی نہیں ہو گی جو کشکول توڑنے اور ڈرون روکنے کی باتیں کرنے والوں نے عوام پر ہی مہنگائی کا ڈرون حملہ کر دیا ہے۔ائی ایم ایف کی تابعداری کسی نے نہیں کی جتنی ان کاغذی شیروں نے کی ہے۔ سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جب تک مہنگائی میں کمی نہیں آتی ٹیکس اور بل دینا بند کر دیں۔