اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن ٹربیونل نے این اے 258 کے انتخابات میں 6 پولینگ سٹیشنز پر جعلی ووٹنگ کے الزام میں ریٹرننگ افسر، اسسٹنٹ ریٹرننگ افسر اور 6 پریزائیڈنگ افسران کو 9 نومبر کو طلب کر لیا۔ الیکشن ٹریبونل کو نادرا نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 258 کے 33 پولنگ سٹیشنز پر ڈالے گئے، ووٹوں کی انگوٹھوں کے نشانات کے ذریعے تصدیق کی رپورٹ بھیجی تھی جس کے مطابق ان پولنگ سٹیشنز پر کل 32 ہزار 6 سو 85 ووٹ کاسٹ ہوئے۔
جن میں سے صرف 2 ہزار 475 ووٹوں ہی درست تھے۔ 32 ہزار 432 ووٹوں پر الیکشن کمیشن سے منظور شدہ سیاہی استعمال نہیں ہوئی۔ 18 پولنگ سٹیشنز پر ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد کانٹر فائل سے کم تھی جبکہ 15 پولنگ سٹیشن پر تعداد کانٹر فائل سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ الیکشن ٹربیونل نے اس رپورٹ کی روشنی میں این اے 258 کے پولینگ سٹیشن نمبر 230 ، 231،260،261،229 ، 252 کے پریزائیڈنگ افسران کو طلب کیا ہے۔ نادرا کی رپورٹ میں ان پولینگ سٹیشنز پر جعلی ووت ڈالنے کی تصدیق ہوئی۔