اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے الیکشن ٹربیونل کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 176 مظفر گڑھ میں دوبارہ انتخابات کرانے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما سلطان ہنجروا کی رکنیت بحال کردی۔
این اے 176 مظفر گڑھ میں دوبارہ انتخاب کے فیصلے سے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی۔ اس موقع پر جسٹس اقبال حمید الرحمان نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے حلقے میں دوبارہ انتخاب کرانے کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما سلطان ہنجروا کی رکنیت بحال کردی۔
واضح رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں این اے 176 سے مسلم لیگ (ن) کے سلطان ہنجروا کامیاب قرار پائے تھے جسے فنکشنل لیگ کے مصطفی کھر نے چیلنج کیا تھا۔ الیکشن ٹریبونل نے مصطفیٰ کھر کی درخواست پر 18 جولائی 2014 کو (ن) لیگی رہنما کی رکنیت معطل کرتے ہوئے حلقے میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا جس پر سپریم کورٹ نے 21 اپریل کو فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔