ٹانک (جیوڈیسک) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 25 ڈی آئی خان اور ٹانک میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں ووٹنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ حلقہ این اے 25 کی نشست مولانا فضل الرحمان نے چھوڑی تھی۔ ضمنی انتخابات میں مولانا فضل الرحمان کے بیٹے اسد محمود اور پی ٹی آئی کے داور کنڈی کے درمیان ون آن ون مقابلہ ہے۔
حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد تین لاکھ انسٹھ ہزار چھے سو پچیس ہے۔ دو لاکھ دو ہزار ایک سو پچپن مرد جبکہ ایک لاکھ ستاون ہزار چار سو ستر خواتین ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ووٹنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔
این اے 25 کا ضمنی انتخاب 22 اگست کو سیکیورٹی خدشات کے باعث ملتوی کیا گیا تھا۔ سیکیورٹی کے لئے پولیس اور ایف سی کے مجموعی طور پر پانچ ہزار تین سو اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ اس کے علاوہ فوجی دستے بھی پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر الرٹ کھڑے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے بھی این اے 25 میں اپنا ووٹ کاست کر دیا۔