اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ دو سو سڑسٹھ کچھی میں دوبارہ انتخاب کرانے کا الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے خالد مگسی کی اپیل خارج کر دی ہے۔
جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مقدمے کی سماعت کی ۔ مسلم لیگ ن کے خالد مگسی این اے 267 کچھی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ ان کے مخالف امیدوار عبدالرحیم نے دھاندلی کی بنیاد پر انتخاب کو الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کیا۔
ٹربیونل نے خالد مگسی کو ڈی سیٹ کر کے حلقے میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا جس کے خلاف خالد مگسی نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تاہم عدالت عظمیٰ نے بھی الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے خالد مگسی کی اپیل خارج کر دی ہے۔