نیب حملہ کیس؛ لیگی رہنما رانا ثنا اللہ کی عبوری ضمانت منظور

Rana Sanaullah

Rana Sanaullah

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مریم نواز کی نیب پیشی پر ہنگامہ آرائی سے متعلق کیس میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے راناثنااللہ کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں مریم نواز کی نیب پیشی پر ہنگامہ آرائی سے متعلق کیس میں رانا ثناء اللہ نے عبوری درخواست ضمانت دائر کی جس میں موقف اپنایا گیا کہ مریم نواز کی پیشی پر ہنگامہ آرائی کا جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا، سیف سٹیز کیمرے کی فوٹیج منگوائی جائے اور عدالت عبوری ضمانت کیس درخواست منظور کرے۔

عدالت نے کہا کہ جب معاملہ ہمارے پاس آیا تو دیکھیں گے، عدالت نے راناثنااللہ کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے ان کی عبوری ضمانت 16 ستمبر تک منظور کر لی ہے۔

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا اس حکومت کا کوئی ایجنڈا نہیں، حکومت نے تمام اداروں کو تباہ کردیا ہے، حکومت اپوزیشن کو دہشت گردی کے مقدمات میں الجھانا چاہتی ہے، آج مہنگائی میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔

رانا ثنا اللہ نے سی سی پی او لاہور کی تعنیاتی کے معاملے پر کہا سی سی پی او لاہور کو ایک سازش کے تحت لگایا گیا ہے، پورے ملک میں لوٹ مار کا بازار گرم ہے، حکومت پولیس گردی میں مصروف ہے، سی سی پی او کو لگانے کا مقصد انتقامی کارروائی ہے، دہشت گردی کی دفعہ کو ہائی کورٹ میں چیلنج کروں گا۔