نیب کے معاملے پر فضول قسم کی بحث کی جا رہی ہے۔ حافظ طاہر جمیل

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد : مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنما و صدر منٹگمری بازار حافظ طاہر جمیل میاں نے کہا ہے کہ نیب کے معاملے پر فضول قسم کی بحث کی جا رہی ہے حکومت نے نیب کے اختیارات کم کر کے اسکے ہاتھ پائوں باندھنے کی کسی خواہش کا اظہار نہیں کیا’ اگر تمام معاملات کو میرٹ پر دیکھنے کیلئے حکومت تمام پارلیمانی جماعتوں کی مشاورت سے آزاد کمیشن تشکیل دیتی ہے تو اس پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نیب صرف اس لیے بنایاگیا تھا کہ وہ کرپٹ افراد کو پکڑ کر اُن سے لوٹی گئی دولت واپس لے مگر کسی قدر بدقسمتی کی بات ہے کہ ایک ایک کیس پر دس سے 12 سال تک کوئی نہیں ہو پاتا یہ تو انصاف کا خون ہے کہ ایک بندہ دس سال تک جیل کی سلاخوں کے پیچھے رہے مگر نیب کچھ حاصل نہ کرسکے اور اس کو باعزت بری کر دے۔

انہوں نے کہا کہ انصاف ایسا ہونا چاہیے جو ہر کسی کو نظر آئے جو نظر نہ آسکے وہ کسی صورت بھی انصاف نہیں ہوسکتا ‘ وزیراعظم نے ایک جلسے کے دوران جو کہا اسے ہر طرف سے توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا جو قابل افسوس ہے ‘ وزیراعظم نے تو حقائق بیان کئے ‘ ان کی جتنی اچھی باتیں تھیں وہ تو پس پست ڈال دی گئیں مگر جو الفاظ انہوں نے تنقید کے کہے ان کو ایشو بنا لیا گیا ‘ یہ سب ڈرامے بازی ہے۔

وزیراعظم نے واضح کردیا ہے کہ وہ نیب سمیت کسی بھی محکمہ پر کوئی قدغن لگانے کا ارادہ نہیں رکھتے’ ان کے اس بیان کے بعدیہ ایشو خود بخود دم توڑ گیا ہے لہٰذا ہر قسم کی تخریبی سیاست ختم کرکے تعمیری سیاست کی جائے۔