لاہور (جیوڈیسک) حکومت تبدیل ہوتے ہی نیب کی ترجیحات بھی بدل گئیں نیب پنجاب مقرر مدت میں میٹرو بس منصوبے کی تحقیقات مکمل نہیں کر سکا۔ لاہور نیب پنجاب نے پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں میڑو بس منصوبے کی تحقیقات کے لیے پنجاب حکومت سے تمام دستاویزات اور کنٹریکٹس گیارہ مارچ دو ہزار تیرہ کو حاصل کر لیے تھے جس کے بعد اس وقت کے ڈی جی نیب پنجاب خورشید انور بھنڈر نے اس منصوبے کی تحقیقات تیس روز میں مکمل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
لیکن بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال اور مسلم لیگ ن کی حکومت آنے کے بعد اس منصوبے کی تحقیقات سست روی کا شکار ہو چکی ہے اس وقت نیب کا ایک اعلی افسر صرف اس منصوبے کی تحقیقات کر رہا ہے۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے میٹرو بس منصوبہ میں کرپشن ہوئی ہے یا نہیں اس کی تحقیقات کے لیے حتمی مدت کا نہیں بتا سکتے۔