اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) گریڈ 22 کے کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس خرم ہمایوں نے مبینہ خود کشی کر لی۔ تھانہ روات پولیس نے جیونیوز سے گفتگو میں کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ خرم ہمایوں نے صبح گھر پر سر میں گولی مار کر خود کشی کی۔
پولیس کاکہنا ہےکہ نیب خرم ہمایوں کے خلاف بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کر رہا تھا۔
خرم ہمایوں کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اپنے خلاف نیب کی کارروائی کے باعث شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھے اور کئی روز سے نوکری چھوڑنے یا لمبی چھٹی پر جانے کا سوچ رہے تھے۔
دوسری جانب ترجمان نیب نے اپنے ایک بیان کہا ہے کہ کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس خرم ہمایوں نیب کی تحویل میں نہیں تھے اور ان پر نیب کے دباؤ کا تاثر درست نہیں۔
ترجمان نے کہا کہ نیب نے بی آئی ایس پی میں کرپشن پر خرم ہمایوں کے خلاف 6 ماہ قبل ریفرنس فائل کیا تھا جو عدالت میں چل رہا ہے، ان کی خود کشی سے نیب کا کوئی تعلق نہیں۔