لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ نیب کیا ہم تو ہر ادارے سے ہر طرح کی تفتیش کیلئے تیار ہیں۔ ویسے نیب تو خود قابل گرفت ادارہ ہے اس کے بارے میں بعض حقائق اگر سامنے آ جائیں تو نیب کے پسینے چھوٹ جائیں۔
وہ گزشتہ روز اوورسیز پاکستانی کمیشن کے وائس کمشنر شاہین بٹ کی رہائش گاہ پر ایک عشائیے میں غیر رسمی گفتگو کر رہے تھے۔ اس عشایئے میں بیرون ملک رہائش پذیر تاجروں صنعتکاروں نے بھی شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ نیب کیا ہم تو ہر ادارے سے ہر طرح کی تفتیش کیلئے تیار ہیں۔ ہم نے نیب کو پنجاب میں کسی کے احتساب یا کارروائی کرنے سے کبھی نہیں روکا ،میں تو کہتا ہوں کہ میں ہر طرح سے حاضر ہوں اگر مجھ پر ایک دھیلے کی بھی کرپشن ثابت ہو جائے تو ہر سزا کیلئے تیار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ نیب نے پنجاب میں بہت سے معاملات کی تفتیش کی ہے اور تمام معاملات شفاف ثابت ہوئے ہیں۔ مثلاً ایل ڈی اے سٹی وغیرہ ،ہم نے نیب کو کبھی بھی یہاں کارروائی سے نہیں روکا۔
وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ خدا نے پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کا بہت اچھا موقع دیا ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری ایک بہترین موقع ہے یہ خدا کی طرف سے پاکستان کو سنبھلنے اور اقتصادی خوشحالی کیلئے ایک انمول تحفہ ہے۔ اورنج لائن ٹرین کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے ٹرانسپورٹ کی سہولتوں کے حوالے سے لاکھوں مسافروں کو فائدہ حاصل ہو گا۔