مریم کی ضمانت منسوخی کی نیب کی درخواست سماعت کیلیے مقرر

 Maryam Nawaz

Maryam Nawaz

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) نیب لاہور نے مریم نواز کی ضمانت خارج کرنے کےلیےلاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی جسے سماعت کے لیے مقرر کردیا گیاہے۔

نیب کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مریم نواز اور وزارت داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز لاہور ہائیکورٹ سے چوہدری شوگر ملز اور منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت پررہا ہیں اور وہ اپنی ضمانت کا ناجائز فائدہ اٹھا رہی ہیں۔

نیب نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ مریم نوازکے خلاف چوہدری شوگرملز سمیت دیگر انکوائریز جاری ہیں لیکن وہ ضمانت پر رہا ہونے کے باوجود نیب سے تحقیقات میں تعاون نہیں کررہیں، مریم نوازکو چوہدری شوگر ملز کیس میں دستاویزات طلبی کے لیے 10 جنوری 2020 کو نوٹس بھجوائے گئے تھے ، انہوں نے نیب نوٹسز پر کوئی توجہ نہیں دی اور نہ مطلوبہ ریکارڈ فراہم کیا جس کےبعد انہیں دستاویزات فراہم نہ کرنے پر 11 اگست 2020 کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا تھا لیکن اگست 2020 میں مریم نواز نے اپنی سیاسی طاقت کا استعمال کیا اور نیب آفس پر حملہ کروایا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ مریم نواز پیش نہ ہو کر نیب کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں لہٰذا ان کی ضمانت منسوخ کی جائے۔

لاہور ہائیکورٹ نے نیب کی جانب سے مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی ہے جس پر جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ 15 مارچ کو سماعت کرے گا۔