لاہور (جیوڈیسک) نیب کی ٹیم نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی 20 مئی کو طلبی کا نوٹس ان کی رہائش گاہ جاتی امرا میں وصول کرا دیا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے نوازشریف کو 20 مئی کو طلب کررکھا ہے، (ن) لیگ کے قائد پر الزام عائد کیا گیا ہےکہ انہوں نے 1998 میں بطور وزیراعظم اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے رائے ونڈ سے جاتی امرا تک غیر قانونی سڑک تعمیر کرائی۔
نیب نوٹس کے مطابق میاں نواز شریف نے سڑک کی چوڑائی 20 سے 24 فٹ کرائی، ان کی وجہ سے ضلع کونسل کے بہت سے عوامی منصوبے بند کرنا پڑے۔
نیب کی ٹیم نوازشریف کی طلبی کا نوٹس وصول کرانے جاتی امرا پہنچی جہاں ٹیم کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی، نیب ٹیم نے گیٹ پر ہی سیکیورٹی اسٹاف کو نوٹس موصول کرایا۔
ذرائع کاکہنا ہےکہ چیئرمین نیب نے نوازشریف کے کیس کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے جس میں دو ڈپٹی ڈائریکٹر اور ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر شامل ہے۔