اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وفاقی وزیر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف نیب کو سیاسی ونگ کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ میرے خلاف شروع کی جانے والی تحقیقات جھوٹ پر مبنی ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ نیب نے ان کے خلاف جو مقدمات تیار کئے ہیں وہ جھوٹ پر مبنی ہیں۔ مقدمات میں جن بسوں کا ذِکر کیا گیا بسیں سابق وزیر اعظم نے میرے حلقے کی خواتین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لئے دی تھیں۔ آج بھی وہ چھ بسیں ویسی ہی کھڑی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے نیب کو اپنا سیاسی آلہ کار بنا کر اپنے مخالفین کے خلاف مقدمات دائر کرائے۔ موجودہ حکومت مخالفین کو کچلنے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔ سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ حکومت جعلی مینڈیٹ پر بنی ہے۔ ن لیگ کو چینی صدر کا دورہ منسوخ ہونے کا دکھ اس لئے ان کی کمیشن نہ بن سکی۔