اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) قومی احتساب بیورو(نیب) نے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کو گرفتار کرلیا۔
نیب ذرائع کے مطابق خورشید شاہ کو آمدن سے زیادہ اثاثوں کے الزام میں گرفتار کیا گیا، انہیں نیب سکھر کے کیس میں نیب راولپنڈی کی ٹیم نے بنی گالہ سے حراست میں لیا۔
نیب ذرائع نے بتایا کہ خورشید شاہ کے خلاف 7 اگست سے تحقیقات کا آغاز ہوا تھا، ان پر کوآپریٹو سوسائٹی میں بنگلے کیلئے ایمنٹی پلاٹ غیر قانونی طور پر اپنے نام کرانے کا الزام ہے۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ خورشید شاہ نے ہوٹل، پیٹرول پمپس اور بنگلے فرنٹ مین اور بے نامی داروں کے ناموں پر بنائے، خورشید شاہ کو راہداری ریمانڈ لیکر سکھر منتقل کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ خورشید شاہ کو آج نیب سکھر نے خط لکھ کر طلب بھی کررکھا تھا تاہم انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے باعث پیش ہونے سے معذرت کی تھی۔